مذہبی امور/ اوقاف حکومت بلوچستان کے زیراہتمام 40 واں مقابلہ حسنِ قرأت

4

کوئٹہ۔ 15 جون (اے پی پی):محکمہ مذہبی امور اوقاف ونگ حکومت بلوچستان کے زیراہتمام 40 واں روح پرور صوبائی مقابلہ حسنِ قرأت و حفظِ قرآن مجید کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر سے آنے والے ممتاز حفاظ کرام اور قراء نے بھرپور شرکت کی اور اپنی دلنشین قرأت سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا تھے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور عطاء اللہ، ڈاکٹر قاری عبدالرشید اور دیگر معزز شخصیات بھی اس روحانی محفل میں شریک ہوئیں۔

سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حفاظ کرام اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلہ حسنِ قرأت اسلام کے متحرک ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ نئی نسل کو قرآن مجید کی تعلیم سے روشناس کروانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ وہ قرآنی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ڈاکٹر قاری عبدالرشید و دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقابلہ حسنِ قرأت نہ صرف قرآن فہمی کا ذریعہ ہے بلکہ دنیا و آخرت میں فلاح کی کنجی بھی ہے۔

قرآن کی تعلیمات نے تاریکیوں کو ختم کرکے انسانیت کو ہدایت و روشنی عطا کی۔ اگر ہم قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو دنیا کو امن، سلامتی اور سکون کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہر کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو قومی سطح کے مقابلہ حسن قرأت و حفظ کے لیے اسلام آباد بھیجا جائے گا تاکہ وہ صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔تقریب کے اختتام پر سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے حفاظ کرام میں انعامات تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔