لاہور۔19فروری (اے پی پی):شری کٹاس راج میں مہا شو راتری کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بھارتی ہندو یاتری 24 فروری کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری( شرائنز )سیف اللہ کھوکھر ،ممبران پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی و اعلی حکام اور مقامی ہندو رہنما مہمانوں کا استقبال کریں گے۔وفاقی وزارت مذہبی امور برائے بین ا لمذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین بورڈ سید عطا الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے سیکورٹی،رہائش،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل (شرائنز )عمر جاوید اعوان نے کہا کہ ہندو یاتری24 فروری کو پاکستان پہنچنے کے بعد خصوصی بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر سے گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ایک دن قیام کریں گے جبکہ25 فروری کو چوہ سیدن شاہ چکوال کے قریب تاریخی کٹاس راج مندر روانہ ہوں گے جہاں26 فروری کو ہندو یاتری مہا شو راتری کی مناسبت سے اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے ۔دورہ مکمل ہونے پر ہندو یاتری 2 مارچ کو بھارت واپس روانہ ہوں گے۔