اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ مذہبی اسکالرز اور حکومت مشترکہ کوششوں سے کورونا وائرس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کریں، وزیر اعظم عمران خان خود ساری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہ عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں۔ بدھ کو ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مذہبی سکالرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور توقع ہے کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے مذہبی سکالرز نے اس وباء کے حوالے سے مثبت کردار ادا کیا ہے اور حکومت کو وائرس پر قابو پانے کیلئے مکمل حمایت کی یقین دہانئی کرائی ہے۔