مذہبی سیاحت کے فروغ کےلئے 2 ارب سے زائدکی رقم مختص کی جا رہی ہے،صوبا ئی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت

119

لاہور۔14جون (اے پی پی):پنجاب میں آئندہ مالی سال میں لوگوں کو سیاحت کے بہترین مواقع مہیا کرنے کے لئے حکومت پنجاب نئے سیاحتی مقامات کی تعمیر کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ مقامات پر تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، حکومت پنجاب نے خصوصی طور پر مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے ہیں، اس ضمن میں 2 ارب سے زائدکی رقوم مختص کی جا رہی ہے۔

صوبا ئی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے بتایا کہ حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک مربوط پالیسی وضع کر رکھی ہے جس کے تحت پنجاب میں پہلے سے موجود سیاحتی مقامات میں اصلاحات کے کئی اقدامات کئے ہیں۔اس شعبے کی اہمیت کو جانتے ہوئے ہماری حکومت نے مختلف شعبوں میں شامل شدہ شعبہ سیاحت کو الگ کر کے محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کے نام سے ایک الگ محکمے کی حیثیت دی ہے۔ انہوں نے بتاےا کہ مذہبی سیاحت مذہبی سیاحت کیلئے Improvement / Renovation of Religious Places of Minorities to Promote Tourism Programme کے تحت فیز ون میں 9کروڑ 28لاکھ کی لا گت سے سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل لارنس روڈ، کیتھیڈرل چرچ مال روڈ اورکر شنا مندر صادق آباد ضلع رحیم یا رخان کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا گیا۔

اسی طرح نئے سال میں اس پروگرام کے فیز ٹو کیلئے50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیںجس کے تحت عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بعد جگہ کا تعین کیا جائے گاتا کہ مذہبی سیاحت میں مزید اضافہ کیا جائے۔مالی سال 2021-22کے ترقیاتی پروگرام میں محکمہ سیاحت پنجاب کے لئے ایک ارب25کروڑ روپے کا بجٹ تجویزکیا گیا ہے۔ محکمہ سیاحت پنجاب نے مالی سال 2021-22کیلئے 20 نئے منصوبہ جات تجویز کئے ہیں جن کے تحت صوبہ بھر میں جو سیاحتی سہولیات میں مہیا کی جائیں گی ان میں قابل ذکر تونسہ بیراج تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ میں ٹورازم کلچرل پارک ، سول ویلی ضلع خوشاب میں ایڈونچر پارک ، جوہر ٹاﺅن ضلع لاہور میں ٹی ڈی سی پی انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ ، ہرن مینار ضلع شیخوپورہ میں ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کا قیام شامل ہیں۔