رباط ۔1جون (اے پی پی):مراکش کے دارالحکومت رباط میں منعقدہ تین روزہ جائٹکس افریقہ ایونٹ اختتام پذیر ہو گیا، تین روزہ ایونٹ جو 29 سے 31 مئی 2024 تک جاری رہا میں دنیا بھر سے شرکاء کی ایک متنوع رینج کو اکٹھا کیا گیا ، ایونٹ میں نمائش کنندگان، کمپنیاں، کاروباری افراد، اختراع کار اور 130سے زائد ممالک کے اسٹارٹ اپ شامل تھے۔
میٹرکس پاکستان کی ٹیم نے ایونٹ میں دنیا سے آئے ہوئے 130 ممالک کے شرکاء کے سامنے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کی ثقافت، ٹیکنالوجی اور اختراعات کو نمائش کے لئے پیش کیا۔ میٹرکس پاکستان کے بانی اور سی ای او حسن نثار نے اس باوقار تقریب کا حصہ بننے اور عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم جائٹکس افریقہ کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔
اس تقریب نے ہمیں اپنے جدید حل اور پروجیکٹس کو عالمی سامعین کے سامنے دکھانے کے لیے ایک قیمتی پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے پاکستان کی نمائندگی کی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنے ملک کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔جائٹکس افریقہ ایونٹ میں کانفرنسوں، نمائشوں اور نیٹ ورکنگ کے مواقع سمیت متعدد سرگرمیاں شامل تھیں۔
اس تقریب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ، ڈیٹا سائنس، بلاک چین، اور بہت نیو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر خاص زور دینے کے ساتھ، خطے میں جدید ترین تکنیکی ترقیوں اور اختراعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تقریب کا اختتام شاندار انداز میں ہوا، شرکاء اور حاضرین نے تقریب کی تنظیم اور مواد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایونٹ نے نیٹ ورکنگ، سیکھنے اور کاروباری مواقع کے لیے ایک قابل قدر پلیٹ فارم فراہم کیا۔