رباط/اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی میں پاکستان سمیت 193 ممالک سے 260 وزراء، ماہرین اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ 18 سے 20 فروری تک ہونے والی اس تین روزہ عالمی کانفرنس میں پاکستان سے وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان وفد کی قیادت کر تے ہوئے نمائندگی کر رہے ہیں۔
وزارت نجکاری سے جاری اعلامیہ کے مطابق گلوبل کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کے علاوہ پہلے روز وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر عبدالقادر یورالوغلو کی وفود کے ہمراہ ملاقات ہوئی اور اس موقع پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین بالخصوص مواصلات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ دوست نہیں بھائی ہیں۔ انہوں نے عبدالقادر یورالوغلو کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے انہیں موٹرویز M-6 اور M-9 کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ اس خطے میں ترکیہ کی ترقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے، بالخصوص روڈ انفراسٹرکچر، شاہرات پر گاڑیوں اور مسافروں کے تحفظ اور مجموعی طور پر معاشرتی ترقی میں ترکیہ نے گزشتہ چند عشروں میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ پاکستان میں ابھی اس ضمن میں بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔دونوں وزراء صاحبان نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے بین الملکی منصوبے پر بھی گفتگو کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مراکش میں ہونے والی چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس میں یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندے کا خطاب بھی شامل ہے
جبکہ پہلے روز کے افتتاحی سیشن میں منسٹریل رائونڈ ٹیبل کا بھی انعقاد ہوا جبکہ پاکستان سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفد کے ہمراہ افتتاحی سیشن میں شرکت کی جہاں ان کی مختلف ممالک کے ماہرین اور وفود سے ملاقاتیں ہوئیں۔ یہ گلوبل کانفرنس تین روز جاری رہنے کے بعد 20 فروری کو اختتام پذیر ہو گی۔