رباط۔9ستمبر (اے پی پی):مراکش میں 6.8 شدت کے زلزلے سے296 افراد ہلاک اور 153 افراد زخمی ہوئے ہیں۔مراکشی خبررساں ادارے نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ مراکش میں مقامی وقت کے مطابق رات 11:11 منٹ پر زلزلہ آیا اور اس زلزلے کے 19 منٹ بعد 4.9 کی شدت کا آفٹر شاک آیا۔
انہوں نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز مراکش کے جنوب مغرب میں 71 کلومیٹر ’ہائی اٹلس ماؤنٹینز‘ پہاڑوں میں تھا اور اس زلزلے کی گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے ساحلی شہروں رباط، کاسا بلانکا اور الصویرہ میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ایک عارضی رپورٹ کے مطابق زلزلے سے الحوز، مراكش، وورزازات، أزيلال، شيشاوة اور تارودان کے صوبوں اور میونسپلٹیز میں 296 افراد ہلاک اور 153 افراد زخمی ہوئے جو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔مراکش کی فوج نے آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔