17.7 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںمراکش کشتی حادثہ میں جاں بحق چار پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد...

مراکش کشتی حادثہ میں جاں بحق چار پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئیں ، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے جسد خاکی وصول کئے

- Advertisement -

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):مراکش کی بندرگاہ کے قریب کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والےچار پاکستانیوں کی میتیں بدھ کی شب اسلام آباد پہنچ گئیں ۔ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میتیں وصول کر کے ورثا کے حوالے کیں ۔واضح رہے کہ16 جنوری کو مراکش کی بندرگاہ ڈھاکلہ کے قریب متعدد پاکستانیوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی تھی۔ وسیع پیمانے پر تصدیق کے عمل کے بعد 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کی گئی ۔ان میں سے چار پاکستانی شہریوں کی میتیں سعودی ایئر لائن کی پرواز SV726 کے ذریعے اسلام آباد پہنچی ہیں جن میں حامد شبیر (پاسپورٹ نمبر: CZ5133683) منڈی بہاؤالدین، محمد ارسلان خان (پاسپورٹ نمبر: LM453261) شیخوپورہ، قیصر اقبال (پاسپورٹ نمبر GR1331413) گجرات اور سجاد علی (پاسپورٹ نمبر XX1836111) منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ غم اور دکھ کی گھڑی ہے،میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ،ہم سب کو اس کا بہت افسوس ہے اور رات کے اس پہر یہاں ان نوجوانوں کی میتیں وصول کرنے کیلئے یہاں سوگواران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا اور وزیراعظم کواس حوالے سے رپورٹ بھی دی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں تربیت دے کر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے ۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز مختلف سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلرز سادہ لوح نوجوانوں کو نہ صرف گمراہ کرتے ہیں بلکہ ان سے لاکھوں روپے بٹو ر کر ان کا مستقبل دائو پر لگاتے ہیں، ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ نوجوان اپنے مستقبل کا سوچ کر یہ اقدام اٹھاتے ہیں ،ہماری کوشش ہو گی کہ قانونی ذرائع پیدا کئے جائیں جس کیلئے مختلف ممالک کے ساتھ ہمارے معاہدے حتمی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سے مواقع آ رہے ہیں ان کی تشہیر بھی ہونی چاہیے، مقامی سطح پر منڈی بہائوالدین اور گجرات میں بھی دفاتر کھول رہےہیں تاکہ انسانی وسائل کی جہاں ضرورت ہو وہاں نوجوانوں کو قانونی طریقے بیرون ملک جانے کیلئے شعور بھی فراہم کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف وزیراعظم کی ہدایت پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام ہو سکے۔ دریں اثنا اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن نے ہوائی اڈے پر میتیں وصول کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کر رکھے تھے جن کے تحت متعلقہ خاندانوں کے لیے ہوائی اڈے پر پہنچنے پر سہولت کاری ڈیسک قائم کیا گیا جبکہ میتوں کی ان کے آبائی علاقوں تک منتقلی کے لیے ایمبولینسوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔اس موقع پر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین، وزارت سمندر پار پاکستانیز کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔بعدازاں میتیں ورثا کے ہمراہ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=556615

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں