اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ رباط مراکش میں پاکستانی سفارت خانے نے مطلع کیا ہے کہ موریطانیہ سے 80 مسافروں کو لے کر روانہ ہونے والی ایک کشتی جس میں متعدد پاکستانی شہری بھی سوار تھے، مراکش کی بندرگاہ دخیلہ کے قریب الٹ گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستانیوں سمیت کئی زندہ بچ جانے والے دخیلہ کے قریب ایک کیمپ میں ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رباط میں پاکستانی سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
مزید برآں پاکستانی شہریوں کی سہولت اور ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے سفارت خانے کی ایک ٹیم کو دخیلہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے متعلقہ سرکاری اداروں کو متاثرہ پاکستانیوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت خارجہ اسلام آباد کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ میں ٹیلی فون نمبر 0519207887 اور ای میل [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ رباط میں پاکستان کے سفارت خانہ میں قائمقام سفیر رابعہ قصوری سے+212 689 52 23 65 اور نعمان علی قونصلر اسسٹنٹ سے+92 310 2204672 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔