مراکش کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے المناک واقعہ میں اب تک 22 زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت ہو چکی ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی پریس بریفنگ

88
Ministry of Foreign Affairs
Ministry of Foreign Affairs

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ مراکش کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے المناک واقعہ میں تصدیق شدہ معلومات کی بنیاد پر اب تک 22 زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت ہو چکی ہے۔

جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے مراکش کے ساحل پر کشتی الٹنے کا المناک واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ معلومات کی بنیاد پر اب تک 22 زندہ بچ جانے والوں کے پاکستانی شہری ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مراکش میں پاکستان کا سفارت خانہ زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں اور مراکش کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اس سانحے میں ملوث کسی پاکستانی شہری کی شناخت کا پتہ لگایا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم دوست ملک مراکش کی طرف سے فراہم کردہ بہترین تعاون اور مدد کے لیے شکرگزار ہیں۔