پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) مردان اقبال حسین خٹک کی زیر صدارت انسانی حقوق اور نگرانی کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر مردان آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور انسانی حقوق کےلیے کام کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد ضلع میں انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا اور ان کے تحفظ و فروغ کے لیے ضلعی سطح پر اقدامات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔اجلاس میں انسانی حقوق سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں جیلوں، تھانوں، ہسپتالوں اور دیگر سرکاری اداروں میں بنیادی انسانی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا اور خواتین، بچوں، اقلیتوں اور معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سرکاری دفاتر میں شفافیت، برابری اور فوری انصاف کی فراہمی، ضلعی سطح پر انسانی حقوق کی آگاہی مہمات اور نگرانی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مردان انسانی حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے،تمام متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو اُس کا حق بروقت اور شفاف طریقے سے فراہم ہو۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں انسانی حقوق کے تحفظ اور نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع مردان میں انسانی وقار، مساوات اور انصاف کی فراہمی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔