مردان، تھائی لینڈ کے سیاحوں کے وفد کا تخت بھائی کے آثارِ قدیمہ کا دورہ

120

پشاور۔ 05 اپریل (اے پی پی):تھائی لینڈ کے سیاحوں کے وفد نے تخت بھائی مردان کے آثارِ قدیمہ کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان ظہور بابر آفریدی کی ہدایت پر تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کے وفد کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل تخت بھائی کے تاریخی آثارِ قدیمہ کے دورے کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔

ڈی ایس پی تخت بھائی شکیل خان اور ڈی ایس پی کوثر خان کی قیادت میں پولیس کی نفری نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے۔سیاحتی وفد نے مردان پولیس کی جانب سے فراہم کردہ سکیورٹی اقدامات کو سراہا اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔

تخت بھائی کے آثارِ قدیمہ بدھ مت کے قدیم اور محفوظ ترین کھنڈرات میں شمار ہوتے ہیں جو ہر سال بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ سیاحوں نے اس تاریخی ورثے کی عالمی اہمیت اور تحفظ کےلیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔