مردان، تھانہ چورہ پولیس کی کارروائی، شہری سے 14لاکھ روپے لوٹنے والے راہزن گروہ کا چوتھا ملزم گرفتار

250

پشاور۔ 16 نومبر (اے پی پی):مردان کے تھانہ چورہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی نوک پر شہری سے 14لاکھ روپے لوٹنے والے راہزن گروہ کا چوتھا ملزم گرفتار کرکے ان سے مال مسروقہ 4 لاکھ روپے برآمد کرلئے۔ایس پی رورل ڈویژن محمد اعجاز شیرپاؤ کی نگرانی میں زیر قیادت ایس ایچ او علی اکبر خان تھانہ چورہ آپریشن و انوسٹی گیشن پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے یکم اگست2023 کو مدعی مقدمہ شوکت ولد کریم اللہ سے اسلحے کی نوک پر 14لاکھ روپے لوٹنے والے پانچ رکنی راہزن گروہ کے چوتھے ملزم شہزاد خان تک رسائی حاصل کرکے گرفتار کرلیا۔

اس کیس کے حوالے سے ایس پی رورل ڈویژن محمد اعجاز شیرپاؤ نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزم سے مال مسروقہ مبلغ 4 لاکھ روپے برآمد کرلئے گئے ہیں جبکہ واردات میں شریک پانچویں ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔یاد رہے کہ اس کیس میں پہلے سے گرفتار تین ملزمان سے 7 لاکھ روپے برآمد کرکے مدعی مقدمہ کے حوالہ کئے گئے ہیں۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس کو قانونی کارروائی کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔