مردان انتظامیہ اور واپڈا حکام کا تخت بھائی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن، 100 سے زائد افرادگرفتار

140

پشاور۔ 30 جون (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ مردان اور واپڈا حکام نے تخت بھائی میں بجلی چوروں اور نادہندہ گان کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 100 سے زائد بجلی چور اور بل ناہندہ گان کو گرفتار کر لیا۔ضلعی انتظامیہ مردان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت کی خصوصی احکامات کی روشنی میں انتظامیہ اور واپڈا حکام نے تخت بھائی کے علاقہ شیر گڑھ اور گرد و نواح میں بجلی چوروں ،کنڈا مافیہ اور بل ناہندہ گان کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی جنید خالد کی زیرنگرانی ایس ای پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی(پیسکو) مردان سرکل اکرام اللہ خان، ایکس ای این پیسکو تخت بھائی ڈویژن فیروز شاہ خان ،پٹواری تاج ولی خان، ایس ڈی او پیسکو شیرگڑھ کامران اللہ داوڑ ، لائن سُپرنٹنڈنٹ شہزاد علی خان اور لائن سُپرنٹنڈنٹ ہدایت خان کی قیادت میں گزشتہ روز مدے بابا ، کاکڑ کلے، تورڈھیر بازار، فضل قادر کلے، پیر سدی بازار، کوز کندے، برہ کندے اور ملکانانوں کورونہ پیرسدی اور گردونواح میں 100 سے زائد بجلی چوروں ، کنڈا مافیہ اور بجلی بل ناہندہ گان کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے خلاف واپڈا بجلی چوری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے جبکہ ان سے لاکھوں روپے کی وصولی کی گئی۔

انتظامیہ اور واپڈا حکام نے خبردار کیا کہ بجلی پوری قوم کی امانت ہے اور کسی کو بجلی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔چوری کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی اور ان سے کسی بھی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی۔دریں اثناء سماجی حلقوں نے آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مزید جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔