اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا، جوڈو ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے 27ویں قومی جوڈو چیمپئن شپ اور 10ویں خواتین قومی جوڈو چیمپئن شپ کل31 دسمبر سے پشاور میں شروع ہو گی۔
پاکستان آرمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ گذشتہ روز پاکستان جوڈو فیڈریشن کے چیئرمین کرنل ریٹائرڈ شجاعت علی رانا نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، پاکستان نیوی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مرد کھلاڑی 50 کلوگرام55، 60، 66، 73، 81، 90، 100، 100 سے زائد کلوگرام اور اوپن کیٹگریز جبکہ خواتین کھلاڑی 40 کے جی، 44، 48، 52، 57، 63، 70 اور اوپن کیٹگریز میں حصہ لیں گی۔
دو سمندر پار پاکستانی کھلاڑی شاہ حسین شاہ اور امینہ ٹویوڈا بھی چیمپئن شپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مکس ٹیم ایونٹس بھی چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ سیکرٹری کھیل وثقافت خیبر پختونخوا افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔