مرکزی بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو تقویت ملے گی، ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

165
مرکزی بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو تقویت ملے گی، ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مرکزی بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو تقویت ملے گی، ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے، معیشت کی ترقی سے متعلق جامع پروگرام کا جلد آغاز کریں گے۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن صدیق الفاروق کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے دیرینہ ساتھی تھے۔

وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں صدیق الفاروق مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔ وزیراعظم نے ضلع کرک میں انسداد پولیو کیلئے کام کرنے والی ٹیم پر حملے کو افسوسناک قرار دیا جس میں ایک پولیو اہلکار شہید اور ایک پولیو ورکر زخمی ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سوا دنیا سے پولیو وائرس ختم ہو چکا ہے، پولیو کے خاتمہ کیلئے رکاوٹیں پیدا کرنا افسوسناک ہے۔

وزیراعظم نے انسداد پولیو کیلئے کام کرنے والی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں شہید پولیو اہلکار کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔ اجلاس میں یونان میں کشتی کے حادثہ میں ڈوبنے والے پاکستانیوں کیلئے بھی مغفرت کی دعا کی گئی۔ وزیراعظم نے اس حادثہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2023ء میں بھی ایسا ہی ایک بدقسمت حادثہ ہوا تھا جس میں 260 افراد ڈوب گئے تھے جن میں اکثر پاکستانی تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک سنجیدہ چیلنج ہے، حکومت نے انسانی سمگلنگ کیلئے روک تھام کیلئے اہم اور ہمہ گیر فیصلے کئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد متعلقہ وزراء اور سیکرٹریز کا اجلاس بلائیں گے تاکہ اس حوالہ سے کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے اور آئندہ کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے۔

وزیراعظم نے سٹیٹ بینک کی طرف سے پالیسی ریٹ میں مزید 2 فیصد کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوتے ہوئے 13 فیصد پر آ گیا ہے جو کاروبار، صنعت و حرفت، زراعت، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ہے، اس سے ہماری پیداواری صلاحیت بڑھے گی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور ہماری معیشت مستحکم ہو گی۔

وزیراعظم نے 2018ء کے بعد مہنگائی کی کم ترین سطح پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے لئے یہ مناسب وقت ہے کہ معیشت کو مضبوط کریں، معیشت مستحکم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندرون و بیرون ملک سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے، اس سلسلہ میں ہماری تیاری مکمل ہو چکی ہے جس کا جلد اعلان کریں گے۔