اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں، سمندر پار پاکستانی روز اوّل سے وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں، دیارغیر میں وطن عزیز کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں سمندرپارپاکستانیوں کا کردار بے مثال ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو تحریک انصاف کے سیکرٹری اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔
مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ووٹ کا حق دینے کے بعد سمندر پار پاکستانیوں کے ملکی سیاست میں بھرپور خیرمقدم کا فیصلہ کیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے عظیم الشان اجتماع کے انعقاد کی منظوری دی گئی ہےجس سے وزیراعظم و چیئرمین عمران خان خصوصی خطاب کریں گے ۔
اس موقع پر سمندر پار پاکستانیوں کے فقیدالمثال سہ روزہ اجتماع کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔ سمندر پار پاکستانیوں کا تین روزہ اجتماع 13 تا 16 مارچ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ دنیا بھر میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی شاخوں کے منتخب ذمہ داران اور کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔
یورپ، امریکہ اور وسط ایشیاء سمیت دنیا کے دیگر حصوں سے مندوبین مدعو کئے جائیں گے ۔ ملکی و غیر ملکی میڈیا کو بھی سمندر پار پاکستانیوں کے اس تاریخی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں، سمندر پار پاکستانی روز اوّل سے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں، دیارغیر میں وطن عزیز کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں سمندرپارپاکستانیوں کا کردار بے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملکی سیاست میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو نہایت تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کا یہ اجتماع ملکی سیاسی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اسد عمر نے کہا کہ دنیا بھر سے اپنے بھائیوں کو مدعو کریں گے اور وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔