فیصل آباد۔ 08 مئی (اے پی پی):مرکزی علما کونسل پاکستان نے آج جمعہ9 مئی کوافواج پاکستان کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم عزم دفاع پاکستان منانے کا اعلان کیا ہے اورملک بھر کے تمام آئمہ مساجد، علمائے کرام، مشائخ عظام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے اجتماعات میں ملک بھر کی مساجد میں جہاد کے موضوع پر خطاب فرمائیں اورپوری قوم افواج پاکستان کیساتھ یکجہتی کا اظہارکرے۔
چیئرمین مرکزی علماکونسل پاکستان صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی نے کہا کہ مودی حکومت نے مساجد، معصوم بچوں، باپردہ خواتین اور بزرگوں کو رات کی تاریکی میں نشانہ بنا کربزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی عوام ملک کے دفاع کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں،پوری قوم پاکستان پربھارتی حملے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے تمام شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی حفاظت ہر شہری پر فرض ہوگئی ہے،افواج پاکستان نے دلیری اور شجاعت کی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی بزدلانہ حملے کا بروقت اور بھرپور جواب دیا ہے، بھارت نے جارحیت کے ذریعے جنگ مسلط کرکے پوری ملت کو للکارا ہے لہٰذایہ وقت تمام دینی، سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے اتحاد کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں بھارتی جارحیت کے بڑھتے قدم روکیں وگرنہ پاک بھارت جنگ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی طرف بھی جاسکتی ہے جس سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام بھی اپنی صفوں کے اندر یکجہتی، اتحاد و اتفاق کی فضا کو قائم رکھیں اور دشمن کو اندرونی طور پر عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع نہ دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594317