راولپنڈی۔ 07 مئی (اے پی پی):سول ڈیفنس مری کی جانب سے ایمرجنسی صورت حال کے پیش نظر ہوٹلز میں بلیک آؤٹ اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ ملک میں حالیہ ایمرجنسی صورت حال کے تناظر میں سول ڈیفنس مری کی جانب سے شہری و نجی اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بروقت تیار رکھنے کے سلسلے میں ایک جامع آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد حساس مقامات بالخصوص ہوٹلز کو ممکنہ خطرات، حفاظتی تدابیر اور بلیک آؤٹ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔7 مئی 2025 کو مری مال روڈ پر واقع مختلف ہوٹلز میں سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے دورہ کیا۔
اس دوران ایمرجنسی صورتِ حال کی وضاحت، موجودہ ملکی حالات، خطرات اور ان سے ممکنہ نقصانات کے حوالے سے ہوٹل انتظامیہ اور عملے کو آگاہ کیا گیا۔بلیک آؤٹ کے اصول، مقصد اور نفاذ کے طریقہ کار سے تفصیلاً روشناس کرایا گیا تاکہ دشمن کی کاروائی کو محدود کیا جا سکے۔ہوٹل عملے کو ہنگامی انخلا کے راستے، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے کے آلات کے استعمال اور ہنگامی رابطہ نمبرز سے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی۔ہوٹل انتظامیہ نے سول ڈیفنس کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ تمام حفاظتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ مہم کے دوران مثبت تعاون اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔
آگاہی مہم سول ڈیفنس مری کی طرف سے شہری اداروں کو محفوظ اور مستعد بنانے کی ایک عملی کوشش تھی۔ آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594212