اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کریں جن کی وجہ سے آج یہ ٹی وی پر چیختی و چلاتی ہیں اور ان کو براہ راست دکھایا جاتا ہے، مریم کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے، یہ صرف خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں، کوئی اور ملک ہوتا تو مجرمہ کی تقریر کبھی براہ راست نہ دکھاتا، مریم نواز قوم کو بتائیں کہ وہ کون سے جن بھوت اور چڑیلیں ہیں جنہوں نے ان کو لندن میں فلیٹس خرید کر دیئے۔
ہفتہ کو فیصل آباد میں پی ڈی ایم جلسہ میں مریم نواز کے خطاب کے بعد نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کی پوری تقریر میں سے اگر وزیراعظم عمران خان کو نکال دیا جائے تو ان کی تقریر میں ارے، سنو لوگو، میں، میرا والد، چوری، لوٹ، سزا، جیل، ہم مارے گئے اور ہم لٹ گئے کے الفاظ باقی رہ جاتے ہیں،
مریم صفدر کو وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جن کی وجہ سے آج یہ ٹی وی پر چیختی و چلاتی ہیں اور ان کو براہ راست دکھایا جاتا ہے، ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے، یہ صرف خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدر کے والد سرٹیفائیڈ چور اور سزا یافتہ مجرم ہیں جو ملک سے بھاگے ہوئے ہیں جبکہ مریم صفدر خود بھی سزا یافتہ مجرمہ ہیں، ان کی ساری زندگی چاہے وہ سکول و یونیورسٹی کا لیول ہو، اپنے گھر اور اپنے شوہر کے ساتھ بھی بدتمیزی کرتے ہوئے گزری ہے اور اب یہ سیاست میں بھی بدتمیزی کر رہی ہیں، ان کے علاوہ انہوں نے کچھ نہیں کیا اور نہ کبھی کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر لوٹ مار میں مہارت رکھتی ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے کیلبری کوئین کا نام پایا، یہ ہر بات کا جواب دیتی ہیں لیکن اس بات کا جواب نہیں دے رہیں کہ وہ کون سے جن بھوت اور چڑیلیں تھیں جنہوں نے ان کو لندن میں فلیٹس خرید کر دیئے کیونکہ قطری خط، جعلی ٹرسٹ ڈیڈ اور کیلبری فونٹ سے تو کچھ نہیں نکلا۔