اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ مریم صفدر اور بلاول زرداری کشمیر میں سیاسی اقدار کو پامال کر رہے ہیں ، مریم صفدر شاید یہ بھول گئی ہیں کہ ان کے ابا، چچا اور کزن کو عوام مسترد کر چکے ہیں ، حکومت سندھ کا جہاز اور ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول کشمیر میں جو زبان استعمال کررہے ہیں وہ سیاسی اقدار کی پامالی ہے جو ان کا سیاسی وطیرہ رہا ہے۔ سندھ کرپشن کا گڑھ ، امتحانات میں بوٹی مافیا کے راج اور گندگی کے ڈھیروں کی علامت بن چکا ہےلیکن اس کے نام نہاد قائد بلاول زرداری کو اس کی کوئی فکر نہیں اور وہ سندھ میں کسی اداکار کی طرح ڈائیلاگ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 22 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم ہیں جبکہ مریم صفدر کے ابا، چچا اور کزن کو عوام مسترد کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کے ٹی وی چینل خاص طور پر ٹی آر ٹی ٹی وی اور الجزیرہ کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان وہ مقبول ترین قائد ہیں جنہوں نے کشمیریوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی اور پاکستان پر عالمی برادری کا اعتماد بحال کیا ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے پوری توجہ کشمیر پر مرکوز کی جس کا اعتراف عالمی میڈیا کر رہا ہے۔ نواز شریف جندال سے تو ملتے تھے لیکن بھارت جا کر کشمیری حریت قیادت سے نہیں ملتے تھے جبکہ مریم صفدر کشمیر میں دودھ اورشہد کی نہریں بہانے کی باتیں کر رہی ہیں۔ نواز شریف ایک طرف کشمیری ہونے کا ڈھونگ رچاتے ہیں اور دوسری طرف بھارتی حکمرانوں سے دوستیاں نبھاتے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کا جہاز اور ہیلی کاپٹر بلاول زرداری کو دے رکھا ہے جو اسے چنگ چی رکشے کی طرح استعمال کررہے ہیں انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بلاول زرداری کا جو ”سی وی” خصوصی طور پر تیار کرایا اور امریکا لے کر گئے اس سے میڈیا کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں،
اس سی وی میں واضح طور پر وہ کہتے ہیں کہ وہ زرداری کے بیٹے ہیں جن کے دور حکومت میں پاکستان میں 40 ڈرون حملے ہوئے، اس کے برعکس ہمارا قائد وزیراعظم عمران خان وہ لیڈر ہے جو کہتا ہے اب ” ڈومور نہیں بلکہ نو مور” ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کس نے توڑا اس کا بھی سب کو ادراک ہے اور اور یہ بھی سب لوگ جانتے ہیں کہ نواز شریف بھارت جا کر کشمیری حریت قیادت سے نہیں ملتے لیکن جندال سے کاروباری مراسم بڑھانے کیلئے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں اور بھارتی وزیراعظم کو شادی میں مدعو کرتے ہیں تو کشمیر کے بورڈ بھی ہٹا دیئے جاتے ہیں ۔ ممبئی حملوں کے الزام کے حوالے سے نواز شریف کے بیانات اخبارات کی شاہ سرخیوں کی زینت بنے جس میں انہوں نے اپنے ہی اداروں کے خلاف تحقیقات کرانے کا بیان دیا اور اسی طرح میر جعفر اور میر صادق نے مفروضوں پر پاکستان میں ممبئی حملوں کے مجرموں کے گھر بھی دکھا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اب مجھے ڈر ہے کہ بلاول کشمیر کو لاڑکانہ بنانے کا نہ کہہ دیں کیونکہ لاڑکانہ کے ابتر حالات نا قابل بیاں ہیں ۔
لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین تک دستیاب نہیں اوراس کو لاڑکانہ کو کھنڈرات میں بدلنے کے ذمہ دار بلاول زرداری ، ان کے والد اور ان کے سہولت کار ہیں۔ عوام بلاول اور مریم صفدر جیسے بدعنوان عناصر کو معاف نہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا ڈان لیکس اور میمو گیٹ میں کردار رہا پاکستانی عوام ان کو ملکی سلامتی کے لئے خطرہ سمجھتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ بلاول زرداری اور مریم صفدر نے کشمیر میں انتخابی مہم شروع کررکھی ہے اور وہ جو زبان استعمال کررہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ وہ شاید اس الیکشن کو آخری امید سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلا بجٹ آیا اس میں تماشا لگایا گیا اور ہر بجٹ میں انہیں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سرکس سجایا گیا تو وہ گلگت بلتستان سے مسترد ہوئے، اب وہ سلطان راہی کی طرح کشمیر میں ڈائیلاگ بول رہے ہیں وہاں سے بھی مسترد ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی صورت میں قوم کو ایک خود دار اور دیانت دار لیڈر ملا ہے جس پر یہ خود بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے ۔ آزاد کشمیر میں بلاول بھٹو کے پاس صرف 8 امیدوار ہیں اور وہ دھاندلی کی باتیں کررہے ہیں۔ اندرون سندھ سے تعلق کی وجہ سے ان کی ایک ایک حرکت سے واقف ہوں اور یہی وجہ ہے کہ ایوان میں جب میں نے سندھ کے بجٹ کے صرف چار شعبوں پر تقریر کرنا چاہی تو یہ سن نہ پائے اور ایوان سے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاولزرداری کہتے ہیں کہ کشمیر میں حکومت بنائیں گے۔
میں ان سے پوچھتا ہوں کہ ان چند سیٹوں پر کیسے آپ کی حکومت بنے گی جن میں سے دو سے تین پر ان کے الیکٹ ایبلز ہیں۔ 2011 میں آزاد کشمیر میں ان کی حکومت تھی اور 2016 میں کشمیریوں نے انہیں بری طرح مسترد کردیا اور یہ اب چند امیدوار کھڑے کر کے کشمیر میں حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی طرح کشمیر کے تمام شعبے بھی انہوں نے ٹھیکے پر دے رکھے تھے۔ سندھ کے بجٹ میں صرف لاڑکانہ کے تعلیمی بجٹ کیلئے 2.3 ارب روپے رکھے گئے ہیں لیکن وہ 460 سکول بحال کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، ایسے لوگ کشمیر کو کیا دیں گے۔ لاڑکانہ میں لوگوں سے زمینیں ہتھیائی جا رہی ہیں۔
گڑھی خدا بخش کی ترقیاتی سکیمیں پانچ سال میں نہیں بنا سکے، کشمیری عوام ان کے چہرے اچھی طرح پہچانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کہتی ہیں ک ان کے ابا نے آئی ایم ایف سے جان چھڑا لی تھی جو ایک جھوٹ ہے اور وہ جھوٹ بول کر اپنا قد بڑا نہیں کرسکتیں ۔ عمران خان حقیقی عوامی قائد ہیں جنہوں نے ملک کی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے جو ان سے ہضم نہیں ہو رہا ۔ آلو کی مقدار کو درجن اور انڈوں کی تعداد کو کلو میں ماپنے والے کشمیریوں کی قسمت کا کیا فیصلہ کریں گے اور پاکستان کیا چلائیں گے۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ان سے کہتا ہوں کہ انور پیلس اور راول محل کا جواب دے دیں جس کا میں نے ان سے سوال اٹھایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کا پانی یہ مافیا چوری کرتا ہے ۔
گھوٹکی فیڈر کی نہر بھری ہوئی ہوتی ہے لیکن اس کے ساتھ زمینیں بنجر ہیں ہم یہ بتا رہے ہیں کہ سندھ کی ٹیل کو پانی نہیں جاتا ۔ ارسا کی ٹیموں نے ایک غیر جانبدار کمیشن بنانے کی بات کی تو ارسا اور پنجاب نے ٹیمیں بھجوا دیں لیکن سندھ نے اپنے انجینئر نہیں دیئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ ایم کیو ایم گورنر راج کا مطالبہ کررہی ہے۔ ہم اس مطالبے کی جزوی حمایت صرف اس لئے کرتے ہیں کہ سندھ میں جنگل کا قانون ہے ، ان کا چارٹر آف ڈیموکریسی اسلا م آباد تک رہتا ہے اور سندھ میں جا کر چارٹر آف کرپشن بن جاتا ہے۔
پہلی مرتبہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے بغیر انہوں نے بجٹ منظور کردیا۔ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں 1400 ارب روپے کی کرپشن کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ کاغذی بجٹ کا بیشتر حصہ منی لانڈرنگ کی نظر ہو جاتا ہے ۔ سندھ کے جہازوں پر عیاشیاں ہو رہی ہیں، 1100 ارب روپے کا جو پراجیکٹ تھا اس میں سے ہم نے اپنے ذمے کا 70 فیصد کام مکمل کیا، 41 نالوں کی صفائی سندھ کے حصے میں تھی جس میں سے ایک پر بھی کام شروع نہیں کیا گیا، بحریہ کا پیسہ سندھ کے چوروں پر نہیں لگنے دیں گے بلکہ یہ پیسہ سندھ کے عوام پر لگے گا۔\932