مریم صفدر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،وہ قومی سلامتی کے ادارے کے اندر تفریق پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں،مریم صفدر کو لوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا،معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

33
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسلئے جلسوں میں ادھر ادھر کی باتیں کر رہی ہیں، آج بھی انہوں نے قومی سلامتی کے ادارے کے اندر تفریق پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی، وہ زمانہ چلا گیا جب یہ لوگ این آر او لیکر بیرون ممالک بھاگ جاتے تھے، مریم صفدر کو لوٹ مار کا حساب دینا ہو گا اور وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر ملک لوٹنے والوں کو این آر او نہیں دیں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے جمہوریت کے نام پر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر بیرون ممالک اپنی جائیدادیں اور اثاثے بنائے، مریم صفدر نے کہا تھا کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں لیکن بعد میں کیلبری فونٹ اور ان کی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پکڑی گئیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے شروع سے این آر او مانگا جا رہا تھا، یہ لوگ این آر او لینے کیلئے خفیہ ملاقاتیں بھی کرتے رہے لیکن انہیں شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملا، اب حالات یہ ہو گئے ہیں کہ مریم صفدر قومی سلامتی کے ادارے کے اندر تفریق پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ انہیں پاک فوج کے جوانوں میں اپنا بیٹا نظر آتا ہے، اب انہیں پاک فوج کے جوانوں میں اپنا بیٹا نظر آئے یا نواز شریف انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کل بھی اپنی اور اپنے والد کی تصویر فوٹوشاپ کر کے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ ان کی رگوں میں کشمیر کا خون دوڑتا ہے اور نواز شریف کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں تو نہیں بی بی آپ غلط کہہ رہی ہیں، نواز شریف نے کوفہ ڈکلیئریشن سے کشمیر کا نام نکال کر کشمیریوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا تھا، نواز شریف کشمیریوں کے ساتھ نہیں مودی اور جندال کے ساتھ کھڑے ہیں، کوفہ ڈکلیئریشن سے نام نکالنے کے بعد مودی انہیں انعام دینے کیلئے ان کے گھر پر آئے تھے اور یہ لوگ جندال کو خصوصی طور پر مری لے کر گئے۔