لاہور ۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مریم نواز خیبر پختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں، نواز اور زرداری جیسے لوگوں نے قرضے لے کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، ہم نے پانچ سالوں میں ان کا لیا ہوا 55 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے، زرداری نے جب عدالت جانا ہوتا ہے تو وہ وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں، ضمانت ملنے کے بعد یہ اپنے قد سے بڑی بھڑکیں مارنا شروع کر دیتے ہیں، آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی وہ حالت کر دی ہے کہ آج پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں انتخابی امیدوار ہی نہیں ہیں، یہ جماعتیں صرف میڈیا کے سہارے زندہ ہیں، پاکستان کی عمومی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔
جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں الیکشن نہیں قوم کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ماضی میں منگلا اور تربیلا ڈیموں کے علاوہ کسی دوسرے ڈیم کی تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی، ہم نے ڈیموں کی تعمیر پر کام شروع کیا، ڈیموں کی تعمیر سے پانی کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں دو لاکھ کمپنیاں موجود ہیں، ایک لاکھ 57 ہزار کمپنیاں صرف پچھلے اڑھائی سال میں بنی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ زرعی شعبہ پر ہم نے فوکس رکھا، ہماری پانچ بڑی فصلوں کی بمپر پیداوار ہوئی، چاول، گندم، مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئیں، کاٹن کی پیداوار میں 44 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں 1100 ارب روپے اضافی گئے، پاکستان میں کاروں، موٹر سائیکلوں، زرعی ادویات کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے پانچ سالوں میں 55 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنا ہے، نواز شریف اور زرداری جیسے لوگوں نے قرضے لے کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، ان کے لئے ہوئے قرضے ہم واپس کر رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے، مریم نواز کو اپنے کارکنوں کے پاس جا کر انہیں حوصلہ دینا چاہئے تھا لیکن وہ خیبر پختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاسی بونوں سے ہے، جب زرداری نے عدالت جانا ہوتا ہے تو وہ وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں اور معذوروں کی گاڑیوں پر آنا جانا شروع کر دیتے ہیں اور جب انہیں ضمانت ملتی ہے تو وہ اپنے قد سے بڑی بھڑکیں مارنا شروع کر دیتے ہیں۔ زرداری نے پیپلز پارٹی کی وہ حالت کر دی ہے کہ آج پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں انتخابی امیدوار ہی نہیں ہیں، یہ جماعتیں اب ٹی وی چینلز کے سہارے زندہ ہیں، ان کی کوریج بند ہو جائے تو یہ فارغ ہو جائیں، ان کی سیاست اب مہنگائی پر پروپیگنڈہ کرنا رہ گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی تیس سال سے سندھ میں برسر اقتدار ہے اور آصف زرداری اب سندھ کے لئے پلان لانے کا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ لاہور اور اسلام آباد کے چکر میں لاڑکانہ اور نواب شاہ جانے کے بھی نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے اپنی باقی زندگی بیرون ملک گذارنی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے، اوورسیز پاکستانیوں کا اپنے وطن کے لئے جذبہ قابل تحسین ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ایک مستحکم ملک بننے جا رہا ہے، پاکستان کی عمومی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔