اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم نواز عدالت سے نااہل قرار دی جا چکی ہیں، مریم نواز غلطیاں بیان کرنے پر میڈیا پر ہی تنقید کرتی ہیں، مریم نواز کا صرف ایک ہی مقصد ہےکہ کسی طرح این آر او مل جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ہے اور وہ پارلیمنٹ کی منتخب ممبر نہیں ہیں، مریم نواز عدالت سے نااہل قرار دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز غلطیاں بیان کرنے پر میڈیا پر ہی تنقید کرتی ہیں، مریم نواز کو جو بات پسند نہیں آتی اس پر کہتی ہیں کہ میڈیا کسی کے زیر اثر ہے، بلاول بھٹو کے بیان کے بعد مریم نواز پوچھیں کہ وہ کس کے زیر اثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اختلافات اب سامنے آ گئے ہیں، استعفوں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق رائے نہیں ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جن دو رہنمائوں کے استعفے موصول ہوئے تھے ان میں سے ایک استعفی دینے والے سجاد اعوان کیپٹن (ر) صفدر کے بڑے بھائی ہیں، مریم نواز کی بات ان کے سسرال والے بھی نہیں مانتے اور میکے والے بھی مریم نواز کی بات ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا صرف ایک ہی مقصد ہے کسی طرح این آر او مل جائے، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے اپنے دور حکومت میں ملک کی دولت کو بے رحمی سے لوٹا اور جب بھی یہ لوگ پکڑے جاتے ہیں تو سیاسی انتقام کا راگ الاپتے ہیں۔