اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے مریم نواز کے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تحریک سے حکومت کو نقصان پہنچانے کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے ن لیگ کی نائب صدر کے حکومت کو گھر بھیجنے کے حوالے سے تسلسل کے ساتھ بیانات ان کی ذہنی بوکھلاہٹ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اتوار کو مریم نواز کے بیان پر نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر بکھر چکی ہے جیسا کہ اس کا ایک حصہ بلاول ہائوس کراچی، دوسرا حصہ ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ تیسرا اور چوتھا حصہ لاہور اور ولی باغ میں ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ تکبر پر مبنی تھا جو حکومت سے مستعفی ہونے کے مطالبے سے شروع ہوا اور آخر میں اپنے استعفے دینے کی بات پر ختم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت میں مریم نواز اپنے چچا کے بیانیے کو سپورٹ نہیں کرتیں لیکن لوگوں کو دکھانے کیلئے وہ سوشل میڈیا پر ان کے احترام میں سرجھکانے والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا میرا مریم نواز کو مشورہ ہے کہ وہ کسی اچھے سے ماہرنفسیات سے رجوع کریں کیونکہ وہ ابھی بھی ذہنی طور پر خود کو وزیراعظم ہائوس میں موجود سمجھتی ہیں جہاں پر ان کے والد زعفران سے بنا ہوا کھانا کھاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب وزیراعظم عمران خان اسی وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر ملک کے پسے ہوئے، بے سہارا اور مزدور طبقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔