لاہور۔20فروری (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عوامی خدمت (ن )لیگ کا طرہ امتیاز ہے،مریم نواز کی بطور وزیر اعلی ایک سالہ کار کردگی بے مثال ہے،فروری کا مہینہ ملکی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے،ستھرا پنجاب وعدے کی تکمیل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کے ہمراہ یہاں ڈی جی پی آ ر میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ فروری کا مہینہ ملکی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے، 8فروری کو ملک بھر میں الیکشن منعقد ہو ئے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے26 فروری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، مسلم لیگ ن کی حکومت نے پہلے سال میں ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑھے اور ڈلیور کر کے دکھایا،وزیر اعلی مریم نواز نے ایک سال میں جو محبتیں اور کامیابیاں سمیٹیں وہ بے مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کا ایک فلیگ شپ پروگرام ستھرا پنجاب ہے
ستھرا پنجاب پروگرام نے بھی صوبے کے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے،ستھرا پنجاب منصوبہ ہر امیر غریب کیلئے ہے ،ہماری حکومت کا یہ پہلا سال کامیابی اور خدمت کے ساتھ مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے 90سے زیادہ عوامی فلاح کے لئے عمل میں لائے گئے اقدامات تاریخی حیثیت رکھتے ہیں ۔عظمی بخاری نے کہا کہ عوام کو گالی گلوچ اور وفاق پر حملہ کرنا پسند نہیں،آج مخالفین وزیراعلی پر ذاتی حملے کرتے ہیں،گالی گلوچ کرتے ہیں ،بہت سے لوگ سیاستدانوں کے روپ میں سازش کر رہے ہیں، لیکن ان کے مقابلے کارکردگی اور خدمت ن لیگ کا طرہ امتیاز ہے اور اگلا سال بھی پہلے سے زیادہ عوام کی خدمت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نارووال جلسے کی کوئی تشہیر نہیں کی تھی،نارووال میں صرف سڑکوں کا افتتاح تھا جو جلسے کی شکل اختیار کر گیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر محکمہ بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے ہمیں تمام شہروں اور دیہاتوں کی صفائی کا کام دیا
آج پنجاب کی 154 تحصیلوں میں سے 140 تحصیلوں کو آوٹ سورس کر دیا،پنجاب کی14 تحصیلوں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خود کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی سے ہماری اکانومی اور پنجاب کے عوام کو فائدہ ہو رہا ہے،ستھرا پنجاب کے تحت ایک لاکھ25 ہزار سے زائد نوکریاں ملنی تھیں،اب تک91 ہزار سے زائد لوگوں کو نوکریاں دی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب وعدے کی تکمیل ہے، وزیر اعلی مریم نواز نے عوام سے کہا تھا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ روزگار بھی فراہم کریں گے۔