مریم نواز کے بیانات پر ترجمان نیب لاہور کی وضاحت

43
نیب کو اس کا کھویا مقام دلانا اولین ترجیح ہے، ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلیےاستعمال کرنے کی کوشش کی گئی،لیفٹنیٹ جنرل (ر) نذیر احمد

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کیجانب سے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر الزامات پر مبنی رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنمامریم نواز کی جانب سے نیب کی معزز عدلیہ میں دائر درخواست پرنہ صرف بے بنیاد اور من گھڑت تبصرہ کیا گیا بلکہ اصل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہاکہ مریم نواز کیخلاف نیب میں چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیرِ تحقیقات ہیں‘ نیب کی جانب سے انہیں ذاتی حیثیت میں طلبی پر ملکی فضا کو اشتعال انگیزی کیطرف راغب کرنے کی کوشش کے علاوہ نیب، معزز عدلیہ اور لا اینڈ آرڈر سے متعلقہ اداروں کیخلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی جس کا بنیادی مقصد نیب کا شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا اور ان پر اثر انداز ہونے کے علاوہ نقصِ امن کی صورتحال کو تقویت دینا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مریم نواز مبینہ طور پر اس طرزِ عمل کی مدد سے اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہیں اور اس طرح دیگر قومی اداروں کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل لا کھڑا کرنے کی فضا قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی۔

انہوں نے مزید کہاکہ مریم نواز نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لا اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا جسکی واضح مثال گذشتہ سال اگست میں انکی نیب لاہور میں پیشی کے وقت باقاعدہ منصوبہ کے تحت اوردانستہ طور پر پیدا کی گئی صورتحال تھی جب قومی ادارہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پتھراؤ کروایا گیا اور ایسی صورتحال پیدا کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو بھی چیلنج کیا گیا جسکی ایف آئی آر نمبر2036/20 تھانہ چوہنگ میں درج ہے۔بعد ازاں نیب کی جانب سے ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مریم نواز کی سیاسی مصروفیات اور قومی مفاد ات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں کچھ وقت کیلئے طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقل طور پر احتساب کے عمل کو چیلنج کیا جاتا رہا، مختلف مواقع پر احتساب عدالتوں کے باہر جاری کئے گئے بیانات مبینہ طور پر شِدت پسندی کے منصوبہ کے عکاس ہیں۔

نیب ترجمان نے کہاکہ مریم نواز کے بیانات عوام میں اس جھوٹے تاثر کی ترویج کرنے کی سعی کے مترادف ہیں جسکے مطابق نیب کی طلبی اور پوچھ گچھ کوسیاسی رنگ میں رنگا گیا اورباقاعدہ منصوبہ کے تحت نیب اور عدلیہ جیسے ریاستی اداروں پر تنقید سے اصل معاملہ سے رو گردانی کروائی گئی۔

نیب واضح کرنا ضروری سمجھتا ہے کہ مریم نواز کیجانب سے نیب کی معزز عدلیہ میں دائر درخواست پر انتہائی غلط انداز میں نا صرف تبصرہ کیا گیا بلکہ اصل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوںنے کہاکہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو اپنے تفویض کردہ مینڈیٹ کے مطابق انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر آئینی و قانونی اقدامات سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے اور یہ اقدامات بلا تعطل جاری رکھے گا‘ نیب انسدادِ بدعنوانی کیخلاف جنگ کو قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہا ہے‘نیب کی کسی سیاسی پارٹی سے کسی قسم کی وابستگی نہیں جبکہ نیب کے تمام اقدامات پاکستان اور پاکستان کی عوام کی فلاح سے مشروط ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ میگا کرپشن کے تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے اور نیب ”احتساب سب کیلئے“ کی پالیسی پر قانون کے مطابق عمل پیرا ہے۔