مریم نواز ہیلتھ کلینکس وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی منصوبہ ہے ، صوبائی وزیر عمران نذیر

101

لاہور۔19فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ عمران نذیر نے ملتان ڈویژن میں گورننس کی عمومی صورتحال اور محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔کمشنر ملتان آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی پروگراموں کی بروقت تکمیل وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے، وزیراعلی مریم نواز کے فلاح عامہ کے مختلف پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے اور عوام کو بہترین صحت کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔عمران نزیر نے ملتان ڈویژن کے ہسپتالوں میں میسر ادویات کے آویزاں بینرز کے منفرد عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ملتان کی طرز پر میسر ادویات و سروسز بینرز آویزاں کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس میں صحت کی بنیادی سہولیات تک شہریوں کی سہل رسائی ممکن ہوپائے گی،ملتان ڈویژن میں 209 مریم نواز ہیلتھ کلینکس اورسنٹرز اپ گریڈ کئے جارہے ہیں،مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور ہیلتھ سنٹرز وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا تجاوزات کے خاتمہ، ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی فوکس ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے پرفارمنس انڈیکٹرز میں ملتان ڈویژن نمایاں پوزیشن پر ہے، شہر کے مختلف مقامات پر مخیر حضرات کے تعاون سے چوکوں پر یادگاریں بنائی جارہی ہیں، ڈویژن بھر میں گڈ گورننس اور عوامی ریلیف کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں،اہم چوکوں کی نشاندہی کرکے مخیر حضرات کے تعاون سے اپگریڈیشن کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت تجاوزات کا خاتمہ کرکے ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب اورشہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے کے واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل کیے جارہے ہیں،ڈویژن کے تمام ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو میں میسر ادویات، سروسز کی تفصیلات واضح آویزاں کی گئیں، شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کمشنر، ڈی سی، اے سی کا ذاتی نمبر ہسپتالوں میں ڈسپلے کروایا ہے، ہسپتالوں میں شہریوں کی مکمل فلاح و رہنمائی کیلئے فیسلٹیشن ڈیسک شہریوں کیلئے قائم کئے گئے۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی لعل محمد جوئیہ،مقصودہ بیگم ،ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری، سیاسی رہنما جاوید علی شاہ، طارق رشید، احمد حسن ڈیہڑ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔