اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم نے شیخوپورہ جا کر ثابت کردیا کہ جاوید لطیف نے اداروں کے خلاف بیان ان کی آشیرباد پر دیا تھا، کوئی بھی پاکستانی جو پاکستان میں پیدا ہوا ہو اور پاکستان نے اسے عزت دی ہو وہ کیسے پاکستان نہیں کھپے کہہ سکتا ہے، اداروں کے خلاف باتیں ہونگی تو قانون اپناخود راستہ بنا لیتا ہے۔
وہ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج ایسا سماں بنانے کی کوشش کی گئی جیسے کوئی ورلڈ کپ جیت کر آیا ہو، پاکستان کے ہر ذی شعور نے جاوید لطیف کے بیان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود لندن میں بیٹھ کر الطاف حسین ٹو کا کردار اد کررہے ہیں، نواز شریف کو عدالت نے علاج کے لئے باہر جانے دیا، ابھی تک ایک انجکشن نہیں لگوایا، ڈاکٹر عدنان آگئے لیکن نواز شریف نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ شریف فیملی پوری ہی بھگوڑا ہے، یہ کیسی قیادت ہے عدالتوں کا سامنا نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے لوگ کبھی اس دھرتی پر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے گھر بھی گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کل کی بجائے آج پاکستان آنا چاہئے،
انھیں عدالتیں بلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی 100 لوگوں کے ساتھ بغیر ویزہ ان کے دور حکومت میں آئے لیکن شریف برادران نے کشمیر کے لئے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔