مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار32 اضلاع تک وسیع،10 نئے اضلاع شامل

79

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار32 اضلاع تک وسیع کر کے پروگرام میں10 نئے اضلاع شامل کر دیئے گئے۔ترجمان کے مطابق اب پنجاب کے32 اضلاع کے شہری60 سے زائد سرکاری خدمات اپنی دہلیز پر حاصل کر سکتے ہیں،ارفع ٹاور میں چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ فیصل یوسف کی زیرصدارت جائزہ اجلاس ہوا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر صوبے میں پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے مریم کی دستک پروگرام کا دائرہ کار32 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ اب رحیم یار خان، وہاڑی، لودھراں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، راجن پور،ننکانہ صاحب،چنیوٹ،گجرات اور خوشاب کے شہری بھی دستک موبائل ایپ کے ذریعے عوامی خدمات گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں،اس سے قبل دستک کی سروسز لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور سمیت دیگر 22 شہروں میں دستیاب تھیں۔پنجاب آئی ٹی بورڈ کی وضع کردہ دستک ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، نکاح سرٹیفکیٹ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس سمیت 60 سے زائد خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

اس حوالے سے چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ‘مریم کی دستک’ کا مقصد تربیت یافتہ دستک نمائندوں کے ذریعے سرکاری خدمات کو براہِ راست شہریوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔شہری دستک موبائل ایپ کے علاہ 1202 پر کال کر کے بھی گھر بیٹھے مختلف سرکاری خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔منصوبے کے ذریعے خواتین، معمر، بیمار، نوکری پیشہ افراد سمیت ہر طبقے کو دفاتر کے چکروں اور لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے۔