اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان اور جنرل منیجر آپریشنز محمد اسلم خان نے 132کے وی آئیسکو گلڈانہ گرڈ اسٹیشن مری کا دورہ کیا اور برف باری کے سیزن کے پیش نظر متعلقہ فیلڈ دفاتر کی جانب سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور کسی بھی فالٹز کی صورت میں بروقت درستگی کو ممکن بنانے کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔پیر کو چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان نے فیلڈ افسران و سٹاف کی چھٹیوں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہدایات جاری کیں کہ وہ برف باری سیزن کے اختتام تک ہائی الرٹ رہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھی مکمل رابطے میں رہیں
تا کہ بجلی سے متعلقہ شکایات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کو بروقت کنٹرول کیا جا سکے۔ آئیسکو چیف نے نے مری، جھیکا گلی، پتریاٹہ دفاتر کو اضافہ ٹرانسفارمرز، میٹرز، کیبلز اور پولز فراہم کرنے کے احکامات بھی دیے ۔ جنرل منیجر آپریشن محمد اسلم خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ہر قسم کے حالات میں صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے اوراس سلسلے میں ہماری فیلڈ ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں۔ برف باری سیزن کے دوران آئیسکوہیلپ لائن نمبر 118، کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 0519252933,0519252934 شکایات کے فوری اندراج اور ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال رہے گے۔
اس موقع پر ایس ای اسلام آباد سرکل الطاف کھوکھر، ایکسین بہارہ کہو، ایکسین کنسٹرکشن سردار لیاقت اشرف، اسسٹنٹ منیجر( سی ایم اینڈ او) عمران اقبال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔