راولپنڈی۔ 29 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع مری کی تحصیل کوٹلی ستیاں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کی فراہمی کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ممبر پنجاب اسمبلی بلال یامین ستی تھے،جنہوں نے ربن کاٹ کر اس پروگرام کا افتتاح کیا۔انہوں نے مشینری اور افرادی قوت کا معائنہ کیا،دیگر مہمانان گرامی میں اے سی کوٹلی ستیاں ڈاکٹر ایمان ظفر،چیف آفیسر کوٹلی ستیاں عمران بخاری،سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر،سی ای او جی ایچ ایس رانا مراد، سینئر مینیجر آپریشنز آر ڈبلیو ایم سی ڈاکٹر حامد اقبال،مینیجر آپریشنز آر ڈبلیو ایم سی کوٹلی ستیاں عمیر عثمان، علاقے کی سیاسی، سماجی شخصیات اور اعلیٰ افسران شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال یامین ستی ایم پی اے نے کہا کہ یہ پروگرام عوام کی صحت،ماحول کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے،ہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں، اس پروگرام کے تحت نہ صرف صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا بلکہ اس سے علاقے کے ماحولیاتی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کیا جائے گا۔اے سی کوٹلی ستیاں ڈاکٹر ایمان ظفر نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف صفائی کو یقینی بنائے گا بلکہ اس سے علاقے کی عوام کی صحت اور معیار زندگی میں بھی بہتری آئے گی،ہم تمام محکموں کے ساتھ مل کر اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔
سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ہمارے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جس میں ہم نے کوٹلی ستیاں میں صفائی کے معیار کو بلند کرنے کے لیے جدید ترین مشینری اور افرادی قوت کا انتظام کیا ہے،ہم نے صفائی کے معیار کو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں تاکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں،یہ پروگرام نہ صرف صفائی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے بلکہ اس سے علاقے کی خوبصورتی اور ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
چیف آفیسر کوٹلی ستیاں عمران بخاری نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ہم نے جدید مشینری اور تجربہ کار عملے کو اس منصوبے میں شامل کیا ہے، تاکہ صفائی کے معیار میں کوئی کمی نہ ہو،سی ای او جی ایچ ایس رانا مراد نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گےتا کہ صفائی کے عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ آئے اور عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553522