مزید بارشوں کی پیشگوئی، واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت

176

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد نے پیر کی صبح مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایم ڈی واسا نے یہاں ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں اور تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے،واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل سٹیشنز کے جنریٹرز کو چلایا جائے، تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزیدبارشوں کی پیشن گوئی کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے، بارش کے بعد زیادہ تر علاقوں کو بارشی پانی سے بروقت کلیئر کر دیا گیا ہے، تاہم واسا آپریشن جاری ہے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام جنریٹرز آپریشنل اور سٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صبح تک سب سے زیادہ لکشمی چوک میں 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔