لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، جی 20 ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد اسلم صدیقی ، مفتی فلک شیر ، مفتی نسیم الاسلام ، مولانا محمد اسلم قادری ،مولانا محمد ابراہیم حنفی ، مولانا مبشر رحیمی، قاری عبدالماجد، قاری کفایت اللہ اور قاری محمد فیصل موجود تھے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں اور سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے،مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہ ہے ، کشمیر کے معاملے میں سعودی عرب کا جو موقف ہوگا وہی اسلامی تعاون تنظیم ،56 ممالک اور پاکستان کا ہو گا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلے کو حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چند دن قبل ہمارے سپہ سالار نے بھی یہی بات کی کہ ہم کشمیر کے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت چاہتے ہیں، جب تک یہ دو مسئلے کشمیر اور فلسطین حل نہیں ہوتے دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا کیونکہ مذاکرات کے تمام راستے کشمیر سے ہو کرگزرتے ہیں ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس خطے کے دو ارب کے قریب لوگ اس وقت مشکلات کا شکار ہیں ،اگر ہندوستان پانچ اگست والی پوزیشن میں واپس آتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے اوپر مذاکرات کیلئے ٹیبل پر عالمی قیادت ا سے لے آتی ہے
تو اس سے خطے میں بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کشمیریوں اور انڈیا میں اقلیتوں کے اوپر جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اس کیخلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانوں کی روز مرہ ضرورت کی اشیا خورونوش کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف اللہ کے نبی نے سخت وعید سنائی ہے، ہم پاکستان علما کونسل کی طرف سے یہ مطالبہ کرنا چاہتے ہیں کہ بلا تفریق ذخیرہ اندوز ی میں ملوث مافیاز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ کے طور پر مملکت سعودی عرب کے ولی عہد جو کہ دنیا میں قائداسلام کے نام سے جانے جاتے ہیں، امن کے قائد کے طور پر پہچانے جاتے ہیں ، انہوں نے جو ایران ، عراق ، یوکرائن اور روس کے درمیان کشید گی کو کم کرنے کیلئے کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے ، اسی طرح عالم اسلام کے جو دیگر مسائل ہیں جن میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین سر فہرست ہے اس کو حل کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار کے بزنس کمیو نٹی کے ساتھ بات کرنے سے تین سے چار دن میں 30روپے ڈالر نیچے آ جاتا ہے، چینی کے نرخ کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں،ان کا یہ اقدام ملکی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کر رہا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388530