اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام ممالک کے ساتھ مل کر پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینا چاہتی ہے، پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لئے سرگرم کردار ادا کررہا ہے، بھارت کی جانب سے 64 دنوں سے مسلسل کرفیو کے نفاظ میں مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے، عالمی برادری مظلوم کشمیریوں پرہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرے۔ منگل کو پاکستان میں جاپان کے سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جاپان کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے پارلیمانی روابط کو بڑی قد کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ جاپان صنعت ،سیاحت اور معاشی ترقی کے اعتبار سے خطے میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ موجودہ حکومت تمام ممالک کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینا چاہتی ہے۔ پاکستان اور جاپان نہ صرف ایک ہی براعظم میں واقع ہیں بلکہ دونوں ممالک میں جمہوریت اور انسانی آزادی کی اقدار بھی قدر مشترک ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اسے حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔