مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کل اسلام آباد میں ہو گی

91
Qamar Zaman Kaira

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کل بدھ کواسلام آباد میں ہو گی۔آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کر رہی ہے۔آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کریں گے۔

وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کانفرنس میں آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم شرکت کریں گے۔کانفرنس میں آزاد کشمیر کے سابق صدور، سابق وزیراعظم اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے،کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا،آل پارٹیز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے مشترکہ حکمتِ عملی بھی طے کی جائے گی۔