مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا کوئی تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا عوامی اجتماع سے خطاب

112
سردار مسعود خان کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے بھارتی حکومت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بچوں کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال سے روکنے کے مطالبے کا خیر مقدم

کھائی گلہ،راولاکوٹ۔6نومبر (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا کوئی تصور بھی نہیں کیا سکتا۔ کشمیر کی آزادی کے لئے لاکھوں شہداءنے قربانی دی ہے اُن کے لہو اور قربانیوں کے نتیجے میں کشمیر کی آزادی ہمارا مقدر ہے۔ یہ بات اُنہوں نے ضلع پونچھ میں بن بہیک کھائی گلہ کے مقام پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس کا اہتمام آزادکشمیر سرمایہ کاری بور ڈکے چیئرمین نوید صادق نے کیا تھا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ تہتر سال سے قربانیوں کی ایک ایسی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ہے۔ صرف جموں میں 1947میں ڈھائی لاکھ انسانوں کے خون سے اس خطہ کو رنگین کیا اور قربانیوں اور خون ریزی کا جو سلسلہ 1947میں شروع ہوا تھا وہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ گلگت بلتستان کے بارے میں آزادکشمیر کے لوگوں کے ذہنوں میں طرح طرح کے سوالات ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ گلگت بلتستان کے بارے میں جو بھی فیصلہ کیا جائے گا اُس میں وسیع مشاورت ہو گی اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ صدر ریاست نے کہا کہ ہم اگرچہ مختلف قبائل اور نسلوں میں تقسیم ہیں لیکن ہماری پہچان ایک امت کے افراد کی حیثیت سے ہے اور وہ امت محمدی ﷺ ہے جس کے خلاف اس وقت عالمی سطح پر سازشوں کے طعنے باہنے بُنے جا رہے ہیں۔ ان سازشوں میں سے ایک سازش حضور نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی اور اُن کے عظیم مقام اور مرتبے کو کم کر کے پیش کرنا ہے جو دنیا کے کسی خطے کے مسلمانوں کو قبول نہیں ہے اور اس کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں میں ایک طلاطم برپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کر کے اُن ملکوں کو موثر جواب دینا ہو گا جو ہماری اسلامی اقدار پر حملہ آور ہیں اور یہ جواب اُن کے معاشی بائیکاٹ کی صورت میں دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں کو بھی اُن کی اسلامی شناخت کی وجہ سے ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس لئے بھارت کے خلاف بھی تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر معاشی بائیکاٹ کرنا چاہیے تاکہ اُسے ظلم و جبر سے روکا جا سکے۔ علاقے کے مختلف عوامی مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت ترقی خاص طور پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوام کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے یکسو ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے بھی ضرور ی ہے کہ ہم آزاد علاقے کو تعمیر و ترقی کے اعتبار سے ایسا مثالی خطہ بنائیں تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اور دنیا کو آزادی اور غلامی میں واضح فرق نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ یونیورسٹی کے چھوٹا گلہ کیمپس کی تعمیر کا کام جلد مکمل کر کے یہاں درس وتدریس کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ صدرآزادکشمیر نے کہا کہ یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے وہ خود ذاتی دلچسپی لے کر اس کیمپس کو جلد مکمل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں اُن کا ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر ذمہ دار اداروں سے مسلسل رابطہ ہے۔ انہوں نے عوام علاقہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر گہری توجہ دیں تاکہ بچوں کو آنے والے دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار کیا جا سکے۔ صدر ریاست نے کہا کہ علاقے میں مین شاہراہ کو پختہ اور قابل استعمال بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔