37.7 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومقومی خبریںمسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو...

مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو گا،قمر زمان کائرہ

- Advertisement -

لاہور۔16مئی (اے پی پی):ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بڑھکیں مارنے والے کو بالآخر مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا،مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو گا،بھارت کشمیری قوم اور قیادت سے رائے شماری کے وعدے پر عمل درآمد کرائے ،ہم چاہتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے۔وہ جمعہ کو پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان ملک کی رہائش گاہ پر سید حسن مرتضی ،چودھری منظور احمد اور چودھری اسلم گل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر خالد جاوید جان،ڈاکٹر خیام حفیظ،احسن رضوی،ثانیہ کامران،بشری منظور مانیکا،چودھری ریاض،عزیز ملک،آغا تقی شاہ،رانا فاروق اشرف،شکیل پاشا اوررائو بابر جمیل بھی موجود تھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کوگھمنڈ میں شکار قوم کیخلاف فتح دی ہے،یہ تفخر کرنیکا نہیں اپنی قوم کو شاباش دینے اور سر بسجود ہونے کا دن ہے،اس معرکے میں ہم سیاسی، عسکری،میڈیا کے میدان اور اخلاقی طور پر جیتے ہیں،پاکستان نے بڑے صبر سے بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا اور بڑھکوں کا جواب بڑھکوں سے نہیں دیا ۔

- Advertisement -

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پر حملہ ہوا تو ہم دنیا کو کہتے رہے کہ ہمیں دفاع کا حق حاصل ہے،ہمارے سپاہیوں اور عوام نے شہادتیں پائیں ،پاکستان نے ان جگہوں پر حملے کیے جہاں سے اس پر حملہ ہوا اورہم نے بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ثابت کیا کہ ہمارے سیاسی اور فقہی اختلافات ہیں مگر پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہو تو ہم ایک ہو جاتے ہیں، ہر جماعت اور حکومت نے ملکی دفاع مضبوط کرنے کی کوشش کی،بھٹو نے مضبوط دفاعی نظام کی بنیاد رکھی،بی بی شہید نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی لیکر دی اور صدرآصف علی زرداری نے پاک چین دوستی کو پھر سے زندہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج چین پاکستان کو مالی اور دفاعی طور پر سپورٹ کر رھا ہے،بھٹو شہید نے جو کام شروع کیا،صدر آصف علی زرداری نے پایہ تکمیل تک پہنچایا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ اپنے نانا اور والدہ کی طرح پاکستان کا مقدمہ لڑا،پاکستان کی اخلاقی فتح میں چیئرمین بلاول بھٹو زر داری کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔

میڈیا کے مختلف سوالوں کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کواپنی کوتاہیوں پر نظر ڈالنی چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کریگی۔ پریس کانفرنس سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی،انچارچ پیپلز لیبر بیورو چودھری منظور احمد نے بھی خطاب کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597998

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں