مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،گورنر پنجاب کاکشمیر کانفر نس سے خطاب

57

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ کشمیر میں بدتر ین بھارتی دہشت گردی پر اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں کی خاموشی شر مناک ہے۔نریندر مودی آرایس ایس کے غنڈوں کے ذریعے اب کشمیر یوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے ۔ ابتک 95ہزار سے زائد کشمیری بھارتی دہشت گردی کی وجہ سے شہید ہوچکے ہیں۔ وہ سوموار کے روز کشمیراسمبلی کے سابق رکن مقبول احمد کی جانب سے منعقدہ کشمیر کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پرتحر یک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمود ،تحر یک انصاف کے مر کزی رکن عمر ڈار،بیر سٹر احتشام سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کوئی شک نہیں بھارتی افواج کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کر رہی ہے اور بے گناہ کشمیر یوں کا قتل عام کر کے انکی نسل کشی کر رہی ہے اورہزاروں کشمیر یوں کو بے گناہ قید بھی کر رکھا ہے اور ابتک 95ہزار سے زائد کشمیری بھارتی دہشت گردی کی وجہ سے شہید ہوچکے ہیں اور7ہزار147سے زائد افراد کو بھارتی افواج سمیت دیگر ادراوں نے اپنی حراست کے دوران قتل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی آج بھی شہ رگ ہے اور وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ دنیا بھارتی دہشت گردی پر خاموشی تماشائی کا کردار ادا کر نے کی بجائے بھارتی افواج کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیر یوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائی جائے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ نر یندر مودی کی قیادت میں آرا یس ایس کے غنڈے بھارت کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور اب باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت بھارت آر ایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بھی آباد کررہا ہے تاکہ کشمیر یوں کی اکثر یت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے ان دہشت گردوں نے کشمیر میں آنے کے بعد وہاں کشمیر یوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے جو کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے جس پر پاکستان کسی صورت خاموش نہیں رہیگا۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں کشمیر کے مسئلہ پر متحد ہیں اور چٹان جیسی مضبوطی کیساتھ اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر یوں کو آزادی ملے گی۔ تقریب سے خطاب کے دوران تحر یک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمود نے کہا کہ اپنے تمام تر مظالم کے باوجود بھارت کشمیر یوں کی تحر یک آزادی کو دبانہیں سکا بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ تحر یک آزاد ی کشمیر مزیدمضبوط ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کر یں۔ کشمیراسمبلی کے سابق رکن مقبول احمدنے کہا کہ پاکستان عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہے اور کشمیرکی آزادی کے لیے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیری پر امن طر یقے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں اقوام متحدہ کو چاہیے وہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر ے اور کشمیر یوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔