لاہور۔11اگست (اے پی پی):ناظمہ دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ برائے طالبات نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہاہے کہ مسائل کا واحد حل سیرتِ مصطفیؐ ۖ کی پیروی میں ہے، خواتین سیرتِ طیبہ سے رہنمائی لے کر معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ مغل پورہ کے زیر اہتمام خواتین کے لیے ایک پروقارسیرت النبیؐ ۖ کوئز مقابلہ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین اگر سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو معاشرہ امن، حیا اور کردار کا نمونہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ ۖ کی زندگی عدل، رحم، امن، محبت، عفو، مساوات اور کردار کا کامل نمونہ ہے، تعلیمی اداروں میں سیرت کے باقاعدہ کورسز پڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ مستقبل میں بھی ایسی علمی و روحانی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گا۔ نبیرہ عندلیب نعیمی نے مزید کہاکہ نبی کریمؐ ۖکی سیرت انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے
حضورؐ ۖنے خواتین کو عزت، تعلیم، تحفظ اور مقام دیا ہمیں سیرتِ طیبہ کو صرف پڑھنے کی نہیں بلکہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ نبیرہ عندلیب نعیمی نے طالبات کو سیرت پر مطالعہ جاری رکھنے، والدین کی خدمت اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ خواتین اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا مقصد خواتین میں سیرتِ نبویۖؐ کے مطالعے کا ذوق پیدا کرنا، دینی شعور کو اجاگر کرنا اور سیرت کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ترغیب دینا تھا۔سوالات کا تعلق حضور اکرمؐ ۖ کی عبادات، اخلاق، عائلی زندگی اور معاشرتی کردار سے تھا۔کوئز مقابلہ میں جامعہ حنفیہ ناظمیہ،جامعہ انوار نظیریہ اورجامعہ یوسفہ اللبنات کی طالبات نے باالتریب پہلی،دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر ملک، امتِ مسلمہ اور خواتین کی دینی ترقی و اصلاح کے لیے دعا کی گئی۔