اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کی جانب مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ پر اکاوئنٹس آڈٹ کی کم از کم فیسوں کے تعین پر جرمانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
مسابقتی کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مسابقتی کمیشن نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ ) کی کونسل کی جانب سے سرکاری اداروں کے آڈٹ کے لئے فی گھنٹہ کے حساب سے نرخ اور کم از کم فیس مقرر کرنے پر نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی تھی۔مسابقتی کمیشن نے آئی کیپ کے اس عمل کو "کمپیٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا۔ کمیشن نے آئی کیپ کو کم از کم فیس کے نوٹیفیکیشن کو ممبرز ہینڈ بُک سے ختم کرنے اور اس کی وضاحت کے لئے دو قومی اخبارات میں نوٹس شائع کرنے کا حکم دیا۔
کمیشن نے آئی کیپ پر دو لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔آئی کیپ نے کمیشن کا فیصلہ اپیلٹ ٹربیونل میں چیلنج کیا۔ ٹربیونل میں آئی کیپ کے وکیل ڈاکٹر فرخ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ آئی کیپ ایک ریگولیٹری ادارہ ہے اور اسے سرکاری اداروں کے آڈٹ کے لئے کم از کم فیس مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
انہوں نے جرمانہ ختم کرنے کی استدعا کی۔دوسری جانب مسابقتی کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئی کیپ اگرچہ ایک ریگولیٹری ادارہ ہے لیکن اسے کمپٹیشن ایکٹ کے خلاف مارکیٹ میں قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ کمیشن نے اس عمل کو "ملی بھگت کے تحت قیمتوں کا تعین قرار دیا، جو کمپٹیشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ٹربیونل نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593445