اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے تفصیلی جائزے کے بعد اوپٹیمس کیپٹل مینجمنٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو الفلاح سکیورٹیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے میجورٹی فیصد شیئر خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ دونوں کمپنیوں کے مابین سیل پرچیز معاہدے کے مطابق اوپٹیمس کیپٹل مینجمنٹ ، میسرز الفلاح سکیورٹیز کے 95.59 فیصد شیئر خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دونوں کمپنیاں بروکریج سروسزکے سیکٹر میں ایکویٹی بروکرز اور شیئرز کی ٹریڈنگ کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ جائزہ کے مطابق الفلاح سکیورٹیز کا سکیورٹیز مارکیٹ میں شیئر نسبتاً کم ہے۔ اگرچہ اس ٹرانزیکشن سے اوپٹیمس کیپٹل مینجمنٹ کا مارکیٹ شیئر قدرے بڑھے گا لیکن سکیورٹیز مارکیٹ کے شراکت داروں کے بیلنس میں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ پاکستان میں ایکویٹی بروکریج سروسز کی مارکیٹ کی نگرانی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کرتی ہیں لیکن توقع ہے کہ مارکیٹ میں کارکردگی کی بہتری اور سروس کے معیارات کو فروغ ملے گا۔
پاکستان کی ایکویٹی بروکریج مارکیٹ مستحکم ہے جو صحت مند مقابلہ کا رجحان پایا جاتا ہے۔اوپٹیمس کیپٹل مینجمنٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان میں رجسٹرڈ اور ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ ایک نجی ملکیتی کمپنی ہے جبکہ الفلاح سکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی ایک نجی ملکیتی کمپنی ہے جو ایکویٹی بروکریج سروسز اور ایکویٹی مارکیٹس میں ٹریڈنگ کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔