اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے آن لائن ٹیوشن کمپنی، میسرز برٹش لائسیئم (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر گمراہ کن اشتہار شائع کرنے پر 50لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ مسابقتی کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمپنی کی جانب سے اس اشتہار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس آن لائن پلیٹ فارم پر بطور ٹیچر رجسٹر ہو کر اساتذہ ماہانہ 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک کما سکتے ہیں، اشتہار میں "کیمرج گلوبل یو کے” کے ساتھ الحاق کا دعویٰ بھی کیا گیا جو کہ ایک غیر فعال ادارہ ہے۔ مزید برآں یہ بھی کہا گیا کہ معروف ماہرین تعلیم اور ٹیکنالوجی بورڈ آف ڈائریکٹرز کمپنی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ان دعوؤں سے متعلق شکایات موصول ہونے پر مسابقتی کمیشن نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ تفتیش میں ان تمام دعوؤں کو جھوٹا، غیر مصدقہ اور گمراہ کن قرار دیا گیا۔ کمیشن نے نتیجہ اخذ کیا کہ برٹش لائسیئم نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گمراہ کن مارکیٹنگ کی۔ نتیجتاً کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 10(2)(ب) کے تحت صارفین کو گمراہ کرنے پر 30 لاکھ روپے اور دفعہ 10(2)(ا) کے تحت دیگر کاروباری اداروں کو نقصان پہنچانے پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
تحقیقات شروع ہونے کے بعد برٹش لائسیئم نے ویب سائٹ سے اشتہار ہٹا دیا تاہم کمپنی نے غلط اور غیر دستخط شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرائے۔ اس کے علاوہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے بھی کمپنی کو مشکوک اور غیر مجاز سرگرمیوں میں ملوث اداروں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے، یہ تمام باتیں سخت کارروائی کے عوامل کے طور پر جرمانے کے تعین میں شامل کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599717