اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے پاکستانی برانڈ سٹائلو (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں8فرنچائز جو کہ سنگل ممبر ریٹیل کمپنیاں ہیں، کے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ سٹائلو (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان میں ملبوسات، جوتے اور فیشن کی اشیاء فروخت کرنے والی ریٹلیرز ہے۔مسابقتی کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مسابقتی کمیشن نے جن کمپنیوں کے سٹائلو (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ انضمام کی منظوری ہے، ان میں اے آر کارپوریشن، خدیجہ انٹرپرائزز، خوشی ایسوسی ایٹس، فاطمہ حسین انٹرپرائزز، مساب انٹرپرائزز، لائبہ کارپوریشن، محمد عمر ٹریڈرز اور منور حسین ایسوسی ایٹس شامل ہیں۔ اس انضمام کا مقصد کمپنی کی کارپوریٹ تنظیم نو ہے اور فرنچائز کمپنیوں کو، اسٹائلو میں ضم کر کے، انہیں کمپنی کے نئے شئیرز جاری کیے جائیں گے۔
کمپٹیشن کمیشن کے تجزیے کے مطابق، اس انضمام کی نوعیت مشترکہ ملکیت کو ظاہر کرتی ہے لہٰذا یہ انضمام مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کو متاثر نہیں کرے گا۔اسٹائلو اور اس میں ضم ہونے والی کمپنیاں جوتے، ملبوسات، پرفیومز اور دیگر مصنوعات کے ریٹیل شعبہ میں اجتماعی طور پر معمولی مارکیٹ شیئر رکھتی ہیں جو انضمام کے بعد بھی اسی طرح برقرار رہے گا۔
کمپٹیشن کمیشن کے تجزیے کے مطابق، اس انضمام سے مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے سے متعلق خدشات یا غالب پوزیشن پیدا ہونے کا امکان نہیں ہے، لہذا کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 31 کے تحت اس انضمام کی منظوری دی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594896