مسابقتی کمیشن نے فنکا مائیکرو فنانس بینک کے 94.8 فیصد شیئرز کی خریداری کی منظوری دیدی

156
Competition Commission of Pakistan
Competition Commission of Pakistan

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ اور میسرز ابی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو فنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ میں 94.8 فیصد حصص خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بینک کی موجودہ شیئر ہولڈنگ میسرز فنکا مائیکرو فنانس کوآپریٹیو، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اورمیسرز ٹریڈو فئیر شیئر فنڈ اور اکومن پاکستان پر مشتمل کنسورشیم پر مشتمل ہے۔سیل اینڈ پرچیز ایگریمنٹ کے تحت میسرز ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ 33.17 فیصد اور میسرز ابی (پرائیویٹ) لمیٹڈ 61.61 فیصد حصص حاصل کرے گا۔

کمیشن نے اپنے جائزے میں دیکھا کہ اس ٹرانزیکشن سے پاکستان کی مائیکرو فنانس سیکٹر میں کسی کو بھی غالب پوزیشن حاصل نہیں ہوگی۔ٹی پی ایل کارپ لمیٹڈ ایک پبلک لمیٹڈ انوسٹمنٹ کمپنی ہے، مختلف شعبوں بشمول انشورنس، رئیل اسٹیٹ، سکیورٹی، اثاثہ ٹریکنگ اور ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس میں سٹریٹجک سرمایہ کاری میں مصروف ہے جبکہ میسرز ابی (پرائیویٹ) لمیٹڈ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کے مروجہ قوانین کے تحت ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ این بی ایف سی کمپنی ہے ۔فنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ سٹیٹ بینک سے لائسنس یافتہ مائیکرو فنانس بینک ہے ۔ اس ٹرانزیکشن میں شامل فروخت کنندہ اداروں میں فنکا مائیکرو فنانس کوآپریٹیو ، آئی ایف سی، ٹریڈو فئیر شیئر فنڈ اور اکومن پاکستان شامل ہیں۔