27.1 C
Islamabad
اتوار, اپریل 27, 2025
ہومقومی خبریںمسافروں کی سہولت تمام ڈویژنز اور اضلاع میں چھوٹے اسٹیشنز کو اپگریڈ...

مسافروں کی سہولت تمام ڈویژنز اور اضلاع میں چھوٹے اسٹیشنز کو اپگریڈ کرنا وقت کی ضرورت ہے ، وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ تمام ڈویژنز اور اضلاع میں چھوٹے اسٹیشنز کو اپگریڈ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ مسافروں کو کراچی، لاہور اور پشاور سمیت بڑے شہروں میں جانے کے لئے دور دراز اسٹیشنز پر نہ جانا پڑے، جس سے ریلوے کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ ہفتہ کو یہاں سے جاری بیان کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اعلان کیا کہ 10 مئی کو جہلم اور سوہاوہ اسٹیشنز پر رحمان بابا اور عوامی ایکسپریس کے سٹاپس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین ماہ کے لئے ٹرائل بنیادوں پر رحمان بابا ایکسپریس جہلم جبکہ عوام ایکسپریس سوہاوہ اسٹیشن پر رکے گی۔ بلال اظہر کیانی نے اعادہ کیا کہ میرٹ کے مطابق اگر یہ اسٹیشنز آمدنی نہ دے سکے تو یہ سٹاپس ختم کردئیے جائیں گے۔ بھارت کے حالیہ اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین جہلم میں کھڑے ہوکر بھارت کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پچھلی بار صرف ابھینندن کو چائے پلائی تھی لیکن اس مرتبہ پورے بھارت کو چائے پلائیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 سے لیکر عالمی بینک کی ضمانت کو نظراندار کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ طور پر معطلی سے متعلق بھارتی اعلانات غیر قانونی اور عالمی قوانین کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ دنیا کا کوئی ملک بھی تسلیم نہیں کرتا۔ بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ کینیڈا اور امریکہ سمیت دیگر ممالک میں کئی شہریوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آچکے ہیں۔

یہ بات بھی کسی سے ڈھکی چپھی نہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یہ تمام محرکات اس بات کی عکاسی کررہے ہیں کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588279

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں