مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنا کر پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے، خواجہ سعد رفیق

148
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق
سبی ہرنائی ریلوے ٹریک مکمل ، 17سال بعد ٹر ین سروس کا آغاز ہو گیا،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنا کر پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے، مسافروں کے لئے سہولیات کو بہتر اور بڑھانے پر ایئرلائن انتظامیہ اور ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں –

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے ایگزیکٹو لاؤنج کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو لاؤنج کی اپ گریڈیشن کا کام دس سال سے التوا کا شکار تھا جو کہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے۔ پی آئی اے بزنس کلاس کے ایگزیکٹو مسافر اس لاؤنج کی خدمات سے مستفید ہوں گے۔

مسافروں کو اسنیکس، گرم اور ٹھنڈے مشروبات بغیر کسی معاوضے کے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاوہ کراچی ایئرپورٹ پر بھی ایگزیکٹو کلاس لاؤنج کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ہوابازوں کی تربیت کے لیے جدید ترین ایئربس اے-320 سمیلیٹر نصب کر دیا گیا ہے۔

ان سہولیات کا افتتاح اگلے ہفتے کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے اس وقت پچیس طیارے چلا رہی ہے تاہم جنوری تک یہ تعداد اٹھائیس تک جانے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کے بیڑے میں 10 نئے طیارے شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سات ایئربس A-320S اور دو بوئنگ 777 طیاروں کی سیٹوں کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔ نیا ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم بھی بہت جلد فعال کر دیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے سترہ چھوٹے ڈومیسٹک ایئر پورٹ بند ہیں، ملک میں اندرون ملک پروازیں شروع کی جائیں۔ ہم پی آئی اے کی بہتری کے لیے کئی محاذوں پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کی بیرون ملک تعیناتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں ہم نے پی آئی اے میں سفارشی کلچر کو ختم کر دیا ہے-

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات، چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی، چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق، جنرل منیجر طارق مجید، سٹیشن منیجر علی اصغر زیدی، ڈسٹرکٹ منیجر ظہیرالدین، ڈپٹی جنرل منیجر علی عباس شاہ اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔