لندن۔20مارچ (اے پی پی):تائیوان کے مسافر طیارے میں دوران پرواز مسافر نے خودکشی کی کوشش کی جس کے بعد طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔اردو نیوز کے مطابق بنکاک سے لندن جانے والی ایوا ایئر بی آر 67 کی پرواز کی لینڈنگ سے قبل فلائٹ اٹینڈنٹ نے غور کیا کہ ایک مسافر سیٹ پر موجود نہیں ہے۔طیاروں کی لینڈنگ کے وقت مسافروں کا سیٹ پر موجود ہونا ضروری ہوتا ہے۔ جب عملے نے دیکھا کہ سیٹ خالی ہے تو انہوں نے باتھ روم کی جانب رخ کیا جہاں مسافر نے خود کو بند کر رکھا تھا۔
جہاز کے عملے نے مسافر کو تشویشناک حالت میں پایا اور دیکھا کہ مسافر کو چوٹیں آئی ہیں جس کے بعد فلائٹ اٹینڈنٹ اور آن بورڈ ڈاکٹرز نے اسے طبی امداد فراہم کی۔ابتدائی طبی امدادکے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی اور مسافر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
ایوا ایئر کی جانب سے مسافر کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی مسافر کو آنے والے چوٹ کی نوعیت یا لینڈنگ کی تفصیلات کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے۔ طیاروں کی تفصیلات بتانے والی ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر‘ کے مطابق طیارہ مقررہ وقت سے 17 منٹ قبل شام 7 بجکر 3 منٹ پرلندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اترا تھا۔