مساوات، وقار اور عدم امتیاز کے اصولوں کا تحفظ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ آئین میں درج مساوات، وقار اور عدم امتیاز کے اصولوں کا تحفظ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہےاور اداروں میں محفوظ، باعزت اور جامع پیشہ ورانہ ماحول کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ آئین میں درج مساوات، وقار اور عدم امتیاز کے اصولوں کا تحفظ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہےاور اداروں میں محفوظ، باعزت اور جامع پیشہ ورانہ ماحول کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو سپریم کورٹ میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت خواتین فوزیہ وقار سے ملاقات کے دوران کہی ۔ ملاقات میں صنفی حساس انصاف، کام کی جگہ پر وقار کے تحفظ اور ہراسیت کے خلاف موثر ادارہ جاتی نظام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فوزیہ وقار نے چیف جسٹس کو اپنے ادارے کے کردار اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ سرکاری و نجی شعبوں میں خواتین کے لیے محفوظ اور جامع ماحول کار کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہراسیت سے متعلق قوانین پر موثر عملدرآمد، ادارہ جاتی رابطوں کو مضبوط بنانے، متاثرین کو بروقت قانونی معاونت فراہم کرنے اور آگاہی میں اضافہ ضروری ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ آئینی اصولوں کے تحفظ اور مساوی انصاف کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہے جبکہ محفوظ اور باعزت ماحول کار کسی بھی ادارے کی بنیادی ضرورت ہے۔فوزیہ وقار نے عدلیہ کی اصلاحاتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صنفی حساس انصاف اور ادارہ جاتی شمولیت کے فروغ کو خوش آئند قرار دیا۔اعلامیہ کے مطابق یہ ملاقات ادارہ جاتی روابط اور شہری مرکز عدالتی اصلاحات کے فروغ کے سلسلے کی کڑی ہے۔