لاہور۔29 اکتوبر(اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کے اجلاس کا الحمراء میں انعقاد ، مستحق آرٹسٹوں کی مالی معاونت کے 40کیسز کا جائزہ لیا، اجلاس میں فن وثقافت کی ترویج اور آرٹسٹوں کی مالی معاونت کے لئے میڈیا سٹی اور ریوالونگ فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی وزیر نے سیکرٹری اطلاعات کو میڈیا سٹی اور ریوالونگ فنڈکے قیام کے لئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے کہا کہ فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مستحق آرٹسٹوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا فن وثقافت کی ترویج کے لئے فنکاروں کی خدمات لازوال ہیں۔ میاں اسلم نے کہا کہ پنجاب حکومت آرٹسٹوں کی مشکلات کے ازالے اور فن وادب کی ترویج کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستحق فنکاروں کی مالی اعانت ریاست کی ذمہ داری ہے کہ فنکاروں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ بھی دیئے جائیںگے، متعلقہ ادارے اپنے فرائض محنت سے انجام دیں۔ اجلاس میںآرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے لئے خصوصی شوز کے انعقاد اور دیگر مختلف تجاویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، سیکرٹری اطلاعات وثقافت،راجہ جہانگیر انور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل اطہر علی خان اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کے ممبران بھی اجلاس میںموجود تھے۔